بھوپال : مرکزی حکومت کے ذریعہ حج پالیسی 2023 پہلے ہی تاخیر سے نافذ کی گئی۔ اس کے بعد مرکزی وزارت فلاح و بہبود کی جانب سے تمام تر سرگرمیاں دہلی میں انجام دی جارہی ہیں۔عازمین حج سے متعلق قرعہ اندازی ہمیشہ سے حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی میں منعقد ہوتا رہا ہے اور وہاں سے دیگر ریاستوں کو آن لائن طریقہ کار سے قرعہ اندازی کی جاتی تھی، قرعہ اندازی سے چند ایام قبل ہی کوٹہ کا اعلان بھی کر دیا جاتا تھا۔ لیکن اس بار نہ تو کوٹہ کا اعلان کیا گیا اور نہ ہی قرعہ اندازی سے متعلق کوئی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ آخر کار آج گزشتہ کل 3 بجے دہلی میں مرکزی فلاح و بہبود کی جانب سے دہلی میں قرعہ اندازی کی سرگرمیاں شروع ہوئیں لیکن طویل وقت گزر جانے کے بعد بھی ریاست مدھیہ پردیش کے حج درخواست گزار پریشاننظر آئے۔
جب اس تعلق سےمدھیہ پردیش حج کمیٹی کے صدر رفعت وارثی سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ قرعہ اندازی ابھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا پہلے قرعہ اندازی تقریب بھوپال کے حج ہاؤس میں منعقد ہوتی تھی۔ لیکن اس بار مرکزی وزارت فلاح و بہبود کے ذریعہ قرعہ اندازی کی تقریب دہلی میں منعقد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی قرعہ اندازی جاری ہے اور ستر سال سے زیادہ عمر کے604 افراد نے درخواست دی تھی، ان تمام لوگوں کا انتخاب ہوگیا ہے۔ اور ریاست مدھیہ پردیش کو کتنا کوٹہ ملے گا اور ریاست کے حج درخواست گزاروں کا انتخاب کیا جائے گا وہ قرعہ اندازی کے بعد ہی پتہ چل پائے گا۔