کورونا وائرس کے انفیکشن کو لے کر گوالیار ضلع انتظامیہ کتنی سنجیدہ ہے اس بات کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ یہاں 100 بستروں والے زیر تعمیر اسپتال میں کام کرنے آئے مزدوروں میں کورونا مثبت کی تصدیق ہونے کے بعد بھی انہیں آئیسولیٹ نہیں کیا گیا ہے۔
بہار کے کٹیہار ضلع سے تعلق رکھنے والے ان مزدوروں کو لیبر ٹھیکیدار کے ذریعہ 9 جولائی کو اسپتال کی تعمیر کے سلسلے میں گوالیر لایا گیا تھا۔اسپتال انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق ان مزدوروں کی کورونا جانچ کی گئی ۔14 جولائی کو آئی جانچ رپورٹ کے مطابق ان مزدوروں میں سے 4 مزدور کورونا متاثر پائے گئے، جبکہ جمعرات کے روز ایک دیگر مزدور بھی کورونا مثبت پایا گیا۔ان مزدوروں کو عارضی طور پر کچی آبادی کے جگی چھونپڑیوں میں ایک ساتھ رکھا گیا ہے۔اس زیر تعمیر عمارت کے احاطے میں قریب ڈیڑھ سو سے زائد مزدور رہائش پذیر ہیں۔