بھوپال:مدھیہ پردیش کی 230 اسمبلی سیٹوں پر ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ ایسے میں کانگریس نے زیر اقتدار بی جے پی پر بڑا اور سنگین الزام لگایا ہے۔ ریاستی کانگریس کے صدر اور چھندواڑہ سے پارٹی کے امیدوار، کمل ناتھ کا کہنا ہے کہ، "بی جے پی پولیس، پیسے اور انتظامیہ کے ذریعے کوششیں کر رہی ہے۔ ان کے پاس بس اتنا ہی بچا ہے... کل، انہوں نے سارا دن شراب اور پیسہ تقسیم کیا۔ لوگوں نے مجھے ویڈیو بھیجا ہے۔ ویڈیو بنائی اور مجھے ویڈیو کال پر دکھایا کہ کیا ہو رہا ہے... میں یہ بات ریکارڈ پر کہہ رہا ہوں کہ مورینا ایس پی بی جے پی کارکن کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج ووٹنگ کے دن مدھیہ پردیش کے عوام سے اپیل کی ہے کہ کانگریس پارٹی کو مکمل مینڈیٹ چاہئے اور عوام کانگریس کو اتنی سیٹیں دیں کہ کوئی بھی حکومت چُرا نہ سکے۔ پرینکا گاندھی نے ایکس پر پوسٹ کیا ’’آج الیکشن ہے اور مجھے یقین ہے کہ مدھیہ پردیش کے لوگ گھپلوں، چکنی چپڑی جھوٹی باتیں، لوگوں کو آپس میں لڑانے کی سازشوں اور کرسی کو جائیداد سمجھنے کی ذہنیت کو سخت سبق سکھائیں گے۔ عوام ہمیں بے پناہ محبت اور تعاون دے رہی ہے، لیکن آپ کی محبت کے اندازا سادہ اکثریت سے نہیں لگے گا۔ ہماری حکومت کو ایک مضبوط اور مکمل مینڈیٹ چاہئے، جس کی آہٹ خود آپ کے پیار اور جوش سے ہی مل رہی ہے۔ اپنے ذہن کے طوفان کو آج ووٹوں میں تبدیل کردیجئے۔ ہمیں اتنی سیٹیں جیت کر اسمبلی میں بھیجیں کہ کوئی ہماری ، آپ کی حکومت چوری کرنے یا اغوا کرنے کا خواب بھی نہ دیکھ سکے۔ مجھے پتہ ہے ، آپ میں یہ طاقت ہے۔
دوسری جانب، کانگریس کے صدر ملیکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے ووٹروں، خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جوش و خروش سے ووٹ ڈالیں اور کانگریس کو اکثریت تک پہنچا ئیں۔ کھڑگے نے کہا ’’مدھیہ پردیش کے ساڑھے آٹھ کروڑ لوگ آج جیتیں گے کیونکہ وہ تبدیلی کے لیے متحد ہیں۔ ہم پہلی بار ووٹ ڈالنے والے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تبدیلی کی اس تحریک میں جوش و خروش سے حصہ لیں اور ووٹ دیں۔ روزگار کی نئی جہتیں آپ کے منتظر ہیں اور آپ ریاست کے بھرتی گھپلوں سے آزادی حاصل کریں گے۔ ہماری ماؤں اور بہنوں کا قیمتی ووٹ خواتین کے لیے معاشی تحفظ کی ایک سائیکل بنائے گا، جو انہیں خود انحصاری کی راہ پر گامزن کرے گا۔
انہوں نے کسانوں، دلتوں اور قبائلیوں سے کہا ’ہمارے کسان، کھیت مزدور بھائیوں اور بہنوں کو ان کی فصلوں کی بہتر قیمت ملے گی اور ان کے ایک ووٹ سے ان کا قرض معاف ہوگا۔ ہمارے دلت، قبائلی اور پسماندہ طبقات کے لوگ روزمرہ کے مظالم سے نجات پائیں گے اور انصاف کے نظام میں ترقی کے مضبوط شراکت دار بنیں گے۔ کانگریس صدر نے کہا ’’آپ کے ایک ووٹ کی طاقت طلبا کو مالی امداد، صحت اور پینے کے پانی کا حق اور علاج کے لیے مفت انشورنس جیسی اہم سماجی تحفظ فراہم کر سکتی ہے … تو بڑھایئے ہاتھ ووٹنگ کے بٹن پر اور اپنے جمہوری حقوق کو بھرپور طریقے سے استعمال کیجئے۔ مدھیہ پردیش کی جیت ہوگی، بہتر بنے گا اپنا دیش۔
یہ بھی پڑھیں:ووٹ ذات اور مذہب کی بات کرنے سے نہیں بلکہ کام کرنے سے حاصل ہوتے ہیں: پرینکا گاندھی
وہیں، راہل گاندھی نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ، ’’ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں کانگریس کا طوفان آ رہا ہے۔ بھاری اکثریت کے ساتھ۔ اپنے گھروں سے باہر نکل کر، آج بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں، اور منتخب کریں غریبوں، کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کے بھروسہ والی کانگریس کی حکومت۔
(یو این آئی)