کھرگون: مدھیہ پردیش میں ضلع کھرگون کے بڑواہ تھانہ علاقے میں آج ایک مسافر بس الٹنے سے تین مسافروں کی موت ہو گئی اور 44 دیگر زخمی ہو گئے۔ بڑواہ تھانہ انچارج جگدیش گوئل نے بتایا کہ اندور سے کھنڈوا جانے والی بس بڑواہ سے سات کلومیٹر دور منیہار کے نزدیک الٹ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ دراصل تیز رفتار بس کے ڈرائیور نے آگے آگے چلنے والی ایک گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں ایک خاتون سمیت 3 مسافر جاں بحق ہوگئے اور 44 زخمی ہوئے ہیں۔
مسافروں نے بتایا کہ بس ڈرائیور کو بار بار تنبیہ کی جا رہی تھی کہ وہ رفتار کو کنٹرول کرکے چلائے لیکن اس نے بات نہیں مانی۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو بڑواہ کے سرکاری اسپتال لایا گیا ہے۔ آٹھ زخمی مسافروں کو یہاں سے اندور ریفر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس اس ضمن میں معاملہ درج کرکے مرنے والوں کی شناخت میں مصروف ہوگئی ہے۔