اندور: مدھیہ پردیش کے اندور میں انڈیکس اسپتال کے ڈاکٹروں نے حال ہی میں ایک بڑی سرجری کرکے ایک خاتون کے جسم سے 15 کلو وزنی ٹیومر کو نکالنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پیچیدہ آپریشن کے کامیاب ہونے کی وجہ سے مریضہ کو نئی زندگی ملی ہے۔ ضلع سیہور کی تحصیل آشتہ سے تعلق رکھنے والی شیتل نامی 41 سالہ مریضہ نے حال ہی میں پیٹ میں درد کی شکایت لے کر اس اسپتال میں طبی معائنے کے لیے دورہ کیا تھا۔
جب کئی ہسپتالوں میں مناسب علاج دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے انڈیکس اسپتال نے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ جہاں کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے 8 اگست کو 2 گھنٹے کی سرجری کے بعد انہوں نے مریض کے جسم سے ایک بڑے ٹیومر کو نکال دیا۔ سرجری ٹیم میں ڈاکٹر اتل ویاس، ڈاکٹر گورو سکسینہ، ڈاکٹر گورو یادو، ڈاکٹر آشیش شرما، ڈاکٹر مینل جھالا، ڈاکٹر ودھی دیسائی، ڈاکٹر یش بھردواج اور ڈاکٹر راج کیسروانی شامل تھے۔ اس کے علاوہ سات دیگر ڈاکٹرز انستھیزیا ٹیم کا حصہ تھے۔
اسسٹنٹ پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر گوریکس سکسینہ، نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ اس طرح کے ٹیومر کا اگر بروقت آپریشن نہ کیا گیا تو وہ مہلک ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس شدت کے ٹیومر سے مریض کے پیشاب کی نالی یا جسم کے دیگر اہم افعال متاثر ہو سکتے ہیں اور اگر یہ پھٹ جائے تو مریض کی موت بھی واقع ہوسکتی تھی، اس لیے ہمیں اسے فوراً نکالنا پڑا، فی الحال خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے۔