434 کلو میٹر طویل اس شاہراہ کو ہفتے کے روز زوجیلا پاس پر برف باری ہونے کے پیش نظر بند کر دیا گیا تھا۔ ایک ٹریفک عہدیدار نے بتایا کہ سرینگر – لیہہ شاہراہ پر بدھ کی صبح یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔
انہوں نے لوگوں سے شاہراہ پر سفر کرنے سے قبل متعلقہ عہدیداروں اور کنٹرول روم کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی اپیل کی۔
موصوف نے کہا کہ شاہراہ کو زوجیلا پاس پر برف باری ہونے کے پیش نظر بنا بر احتیاط بند کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ منفی درجہ حرارت کے باوجود بھی شاہراہ سے برف کے ملبے کو ہٹا کر قابل آمد رفت بنا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بدھ کو مین مرگ، دراس اور کرگل میں درماندہ خالی مال برادار گاڑیوں کو ہی کشمیر روانہ ہونے کی اجازت ہوگی۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ تاریخی مغل روڈ جس کو گذشتہ روز کھول دیا گیا ہے، پر بدھ کو صبح کے گیارہ بجے سے شام کے چھ بجے تک مال بر دار گاڑیاں ہیر پورہ شوپیاں سے پیر کی گلی کی طرف روانہ ہوں گی اور اس دوران کسی بھی مسافر بردار گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔