حیدرآباد:سرینگر لیہہ قومی شاہراہ کے نزدیک ایک برفانی چیتے کو ایک مقامی جنگلی بکری کا شکار کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ ایک شہری نے برف سے ڈھکی ہوئی چٹانوں پر قلیل تعداد میں پائے جانے والے اس جانور کو اپنا شکار چٹ کرتے ہوئے کیمرے میں قید کیا ہے۔ عام طور پر ایسے مناظر ملنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے۔ راہل کرشنا نامی ایک شہری نے، جو ہمالین انسٹیٹیوٹ آف الٹرنیٹیوز کے صدر ہیں، اور لداخ خطے میں ثقافت کے شعبے میں سرگرم ہیں، نے بتایا کہ انہیں یہ مناظر لیہہ قصبے سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پرفے نامی گاؤں میں ملے جہاں شاہراہ سے قریباً ایک سو میٹر کے فاصلے پر برفانی چیتے نے ایک بلیو شیپ (مقامی بھیڑ کی ایک قسم) کو شکار کیا تھا۔ ایک ویڈیو میں چیتا شکار ہوئے جانور کی کھال کھینچ رہا ہے۔
برفانی چیتوں کی ایک قلیل تعداد لداخ اور تبت کے علاقوں میں پائی جاتی ہے۔ جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ چیتا بقا کی جنگ لڑرہا ہے اور حکومت کو ان کی نسل بچانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ گزشتہ برس لداخ علاقے سے ایک برفانی چیتے کو ایک سنگلاخ پہاڑ پر دیکھا گیا تھا جس کی تصاویر کافی وائرل ہوگئی تھیں۔