شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں تارت پورہ ویلگام کے ہنگنی کوٹ گاوں میں بھاری برفباری کے باعث لوگوں نے ایک حاملہ خاتون اور ایک مریض کو چارپائی پر اٹھاکر کئی کیلومیٹر دور مین روڈ تک پہنچایا جہاں سے ان مریضوں کو گاڑی کے ذریعہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بھاری برفباری کی وجہ سے ہنگنی کوٹ سڑک کو بند کردیا گیا - Hangni Kot road was closed
ہنگنی کوٹ میں بھاری برفباری کی وجہ سے صورتحال انتہائی ابتر ہوگئی ہے جبکہ آج 2 مریضوں کو چارپائی کے ذریعہ مین روڈ تک پہنچایا گیا اور ہسپتال منتقل کیا گیا۔ وہیں تارت پورہ تحصیلدار نے بتایا کہ روڈ پر تو برف تو ہٹادی گئی لیکن اس کے باوجود سڑک پر گاڑی چلانا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
مقامی لوگوں نے ہنگی کوٹ گاوں کی سڑک پر ابھی بھی کافی برف ہونے کی شکایت کی ہے اور متعلقہ حکام پر سڑک سے برف ہٹانے میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ سڑک پر کافی برف جمع ہونے کی وجہ اسے بند کردیا گیا۔
وہیں تارت پورہ تحصیلدار نے بتایا کہ دو روز قبل مذکورہ سڑک سے کئی مشینوں کے ذریعہ برف کو ہٹایا گیا تھا تاہم شدید برفباری اور کہرہ کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت مشکل ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگنی کوٹ دورداز علاقہ ہے اسی لیے یہاں تک مشینوں کو پہنچانا مشکل ہے۔ تحصیلدار نے سڑک کی حالت کو دیکھتے ہوئے عوام سے پیدل سفر کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ’اس سڑک پر گاڑی چلانا خطرناک ہوسکتا ہے‘۔ تحصیلدار نے مزید بتایا کہ دونوں مریضوں کو ہسپتال پہنچانے کےلیے ایک ٹیم روانہ کی گئی تھی جبکہ ٹیم نے مریضوں کو مین روڈ تک پہنچانے میں مدد کی اور بعد میں انہیں گاڑی کے ذریعہ قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان ان دونوں مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔