کولگام (جموں و کشمیر):انٹرنیشنل پلانٹیشن ڈے کے موقع پر جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں دو مختلف مقامات پر محکمہ سوشل فارسٹری اور میڈیا ایسوسی ایشن کے اشتراک سے شجر کاری مہم انجام دی گئی۔ گورنمنٹ ڈگری کالج کولگام اور انڈسٹریل ٹرینگ انسٹی ٹیوٹ (آئی ٹی آئی) میں شجر کاری مہم شروع کے تحت درجنوں پودے لگائے گئے۔
شجر کاری مہم میں ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام، ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، ڈی ایف او، محکمہ جنگلات سید وسیم گل اور ڈی ایف او سوشل فارسٹی - کولگام و اننت ناگ- کے علاوہ کالج کے اساتذہ، غیر تدریسی عملہ،طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ کئی صحافیوں نے بھی شجر کاری مہم میں شرکت کرکے پودے لگائے۔
اس موقع پر کالج میں ماحولیات کے حوالے سے ایک جانکاری پروگرام کا بھی انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ’’ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لیے اس طرح کی مہم شروع کی گئی اور شجر کاری مہم کو ضلع کولگام میں آئندہ بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ جاری و ساری رکھا جائے گا۔‘‘