وادیٔ کشمیر میں آبی ذخائر خصوصاً قدرتی چشموں کی کوئی کمی نہیں تاہم قدرتی آبی وسائل کو بروئے کار لانے اور ان کی عظمتِ رفتہ کو بحال کرنے کے لیے مرکزی سرکار و یو ٹی انتظامیہ کے تعاون سے محکمہ دیہی ترقی نے ضلع کولگام کے قدرتی آبی وسائل کو محفوظ کرنے اور ان کی عظمت رفتہ بحال کرنے کی پہل کی ہے۔
ضلع کولگام کے بلاک پہلو میں ’’پہل ناگ‘‘ نامی چشمے سے اس کی شروعات کی گئی ہے جسے عوامی حلقوں کے ساتھ ساتھ پنچایتی راج نمائندوں کی سطح پر کافی پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔
محکمہ دیہی ترقی نے اس سال مرکزی سرکار کی معاونت والی اسکیموں کے تحت ضلع میں 205 چشموں کی نشاندہی کی ہے جن کو بحال کرنے کے علاوہ انہیں جاذبِ نظر بنایا جارہا ہے۔