کولگام (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں محکمہ اسکول ایجوکیشن نے نجی کوچنگ اداروں کو اسکول کے اوقات کار کے دوران کام نہ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ضلع کے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ ’’یہ احکامات تعلیمی اداروں میں درس و تدریس کے عمل کو آسانی سے جاری رکھنے کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔‘‘ چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) کولگام کے مطابق: ’’اسکولی اوقات کار کے دوران نجی کوچنگ مراکز کھلے رہنے اور طلبہ کو اسکول جانے سے روکنے کی شکایات موصول ہونے کے بعد یہ حکمنامہ صادر کیا گیا ہے۔‘‘
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے چیف ایجوکیشن آفیسر، کولگام، مشتاق احمد نے بتایا کہ اسکولوں میں طلبہ کی حاضری کو ممکن بنانے اور ہموار تعلیمی نظام کو ممکن بنانے کی غرض سے سبھی کوچنگ مراکز کو اسکولی اوقات کار کے دوران کوچنگ سنٹرز کو بند رہنے کے احکامات صادر کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کیے گئے حکمنامہ کے مطابق سبھی کوچنگ سنٹرز کے مالکان کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ اسکولی اوقات کار کے دوران صبح 9بجے سے شام 4:15تک وہ اپنے کوچنگ مراکز کو بند رکھیں تاکہ طلبہ کی کلاس ورک متاثر نہ ہو سکے۔