اردو

urdu

ETV Bharat / state

کولگام: تین معاونین کے ساتھ عسکریت پسند گرفتار

جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں سیکورٹی فورسز نے ایک عسکریت پسند اور تین او جی ڈبلیو (OGW) کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کولگام: تین معاونین کے ساتھ عسکریت پسند گرفتار
کولگام: تین معاونین کے ساتھ عسکریت پسند گرفتار

By

Published : Apr 14, 2021, 12:32 PM IST

حفاظتی اہلکاروں نے بدھ کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک عسکریت پسند اور تین معاونین (او جی ڈبلیو) کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ کولگام پولیس اور فوج کی 9 آر آر نے بوگند، کولگام روڈ پر مشترکہ طور ایک ناکہ قائم کیا تھا، جہاں تلاشی/چیکنگ کے دوران پارٹی نے ایک گاڑی میں سفر کرنے والے چار افراد کو گرفتار کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ ’’ان میں سے ایک کی شناخت بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے زیان احمد ڈار کے طور پر ہوئی ہے، جو گزشتہ ماہ سے شوپیاں کے ایک دینی مدرسے سے لاپتہ تھا جبکہ تین دیگر افراد او جی ڈبلیو (عسکریت پسندوں کے معاونین) ہیں۔‘‘

ذرائع نے گرفتار کیے گئے تین او جی ڈبلیو کی شناخت زاہد نذیر، عمر یوسف اور مظفر احمد کے طور پر کی ہے جو جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے رہنے والے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت سے متعلق مخصوص معلومات کی بنیاد پر شمالی کشمیر میں ہندوارہ پولیس، 32 آر آر اور 92 بٹالین سی آر پی ایف نے بارہمولہ - ہندواڑہ شاہراہ پر کچلو کراسنگ پر ایک ناکہ قائم کیا تھا، جہاں چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل پر سوار تین افراد مشکوک حالت میں پائے گئے جنہوں نے سرچ پارٹی کو دیکھ کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن سرچ پارٹی نے انہیں پکڑ لیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details