کولگام ضلع کے ویسو مائیگرنٹ پنڈت کیمپ میں آج مہاشیوراتری ملن پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام کا مقصد کشمیر کے روایتی بھائی چارے کو اجاگر کرنا تھا۔ ویسو ویلفیئر کمیٹی کے اہتمام سے اس ملن میں ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام شوکت اعجاز، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اتل گوئل، کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اعجاز اسد، ایس ایس پی کولگام، پولیس و سیول افسران کے علاوہ سماج کے ہر طبقے سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
خطے میں نامساعد حالات کے بعد یہ پہلا ملن تھا۔ اس دوران مسلم برادری نے پنڈت برادری کے لوگوں کو تہوار کے حوالے سے مبارکباد پیش کی۔ مہا شیوراتری کے ملن میں فنکاروں نے اپنے سُر سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ پروگرام کے موقع پر ڈی آئی جی جنوبی کشمیر نے پنڈت برادری کو مبارکباد پیش کی اور امید کی کہ یہ تہوار جموں وکشمیر میں امن اور سلامتی کا باعث بنے۔
فوج کے سی او نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وادی چھوڑ چکی پنڈت برادری کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
ویسو ویلفیئر کمیٹی کے صدر سنی رینا کا کہنا تھا 'اس ملن کا مقصد کشمیر کی صدیوں پرانے بھائی چارے کو زندہ رکھنا ہے تاکہ جس طرح ہم ماضی میں یہ تہوار مقامی مسلمانوں کے ہمراہ مناتے تھے اسی طرح ایک پہل کی جائے تاکہ اس کھوئے ہوئے ماحول کو دوبارہ واپس لایا جائے'۔