سرینگر: جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ آر آر سوئن نے پیر کے روز کولگام میں سکیورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا اور سکیورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کرنے کے احکامات جاری کئے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آر آر سوئن نے پیر کے روز کولگام کا دورہ کیا اور وہاں پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سکیورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا۔
میٹنگ میں پولیس ، آرمی ، سی آر پی ایف کے سینئر آفیسران نے شرکت کی جس دوران پولیس سربراہ نے مکمل امن و امان کے قیام کی خاطر سرگرم عسکریت پسندوں اور دہشت گردی کے جڑوں کو ختم کرنے کی اہمیت پر زوردیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس لا اینڈ آرڈر وجے کمار اور آئی جی کشمیر ودھی کمار بردی نے پولیس سربراہ کو سکیورٹی صورتحال کے بارے میں مفصل جانکاری فراہم کی۔ڈی جی پی نے عوام دوست پولیسنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے ماحول کو برقرار رکھنے کی خاطر عوام دوست پالیسی ناگزیرہے۔
انہوں نے آفیسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ امن دشمن عناصر سے نمٹنے کے دوران عوامی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مختلف سطحوں پر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان انٹیلی جنس معلومات کے اشتراک کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے کے بھی احکامات جاری کئے۔