کشتواڑ (جموں و کشمیر) :اسٹیٹ انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) نے منگل کو جموں صوبے کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں چار مقامات چھاپے مارے۔ پولیس بیان کے مطابق ’’سرحد پار، پاکستان میں چھپے ہوئے چار ایسے عسکریت پسندوں کے گھروں پر چھاپہ مارا گیا جو یہاں عسکریت پسندی کو از سر نو فعال بنانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ کشتواڑ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس خلیل احمد پوسوال نے بتایا کہ ’’مغل میڈان، چتارو اور سنگھ پورہ علاقوں میں چھاپے مارے گئے۔ اس کا مقصد عسکریت پسندوں کے حامیوں کی نشاندہی کرکے ضلع میں عسکریت پسندوں کے ڈھانچے کو ختم کرنا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت درج ایک کیس کے سلسلے میں چھاپوں کے تازہ ترین کارروائی میں عسکریت پسندوں جمال الدین، گلزار احمد، شبیر احمد اور گلابو کے گھروں کی تلاشی لی گئی، جو پاکستان فرار ہو گئے ہیں اور وہیں سے کام کر رہے ہیں۔ جموں میں این آئی اے کی ایک خصوصی عدالت نے 26 اپریل کو کشتواڑ ضلع کے 23 عسکریت پسندوں کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیے تھے جو سرحد پار سے کام کر رہے تھے۔ قبل ازیں ضلع میں 13 عسکریت پسندوں کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔