جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے انشن واڈون میں اگرچہ گزشتہ کئی سال قبل، بی ایس این ایل کا ٹاور نصب کیا گیا تھا، تاہم علاقہ میں بجلی کی عدم دستیابی سے ٹاور ابھی تک ناکارہ تھا، مواصلاتی نظام کے حوالہ سے درپیش مشکلات کو دیکھتے ہوئے فوج نے 15 کے وی کا سولر سسٹم نصب کرکے مذکورہ ٹاور کو فعال بنایا۔ اس کا افتتاح فوج کے کور کمانڈر، لیفٹینینٹ جنرل بی ایس راجو نے کیا۔
اس موقع پر ایک تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں موجود لوگوں نے کور کمانڈر کا والہانہ استقبال کیا اور فوج کے اس قدم کی سراہنا کی۔
کور کمانڈر کے ہمراہ جی او سی وکٹر فورس، کمانڈر 2 سکٹر، 19 آر آر کے کمانڈر دھرمندر یادو کے علاوہ آرمی کے کئی اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ جبکہ تقریب میں لوگوں کی اچھی خاصی بھیڑ بھی دیکھنے کو ملی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے 'فوج نے انشن نامی علاقہ میں ایک تاریخ رقم کی ہے، جو واقعی قابل ستائش ہے۔ کیوںکہ ڈیجیٹل انڈیا کے اس دور میں مقامی لوگوں کو فون استعمال کرنے کے لئے وادی کا رُخ کرنا پڑتا تھا۔ جس کی وجہ سے علاقہ کی گنجان آبادی کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔