جموں: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بدھ کے روز کہا کہ تاریخ کے اس اہم موڑ پر بھی اگر ہم نے اتحاد و اتفاق سے گریز کیا اور اپنے حقوق کی بحالی کے لئے کھڑے نہیں ہوئے تو آنے والی نسلیں ہمیں کسی بھی صورت میں معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوان نسل کے بہتر مستقبل اور آنے والی نسلوں کیلئے ایک پُرامن، پرسکون اور تعمیرو ترقی پر مبنی ماحول پیچھے چھوڑنے کے لئے ہم اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور اپنے حقوق کے حصول کیلئے یک زبان ہوجائیں۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے مروہ کشتواڑ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ Farooq Abdullah On Future Generations
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیرکے عوام کو اس وقت مذہبی، علاقائی خصوصاً لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی مذموم کوششیں جاری ہیں ۔ یہاں کے عوام کو آپس میں لڑوانے کے لئے جو منصوبے اپنائے جارہے ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیںاور ہر ایک ذی حس اور ذی الشعور انسان کیلئے باعث تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح کا ماحول برپا کیا گیا اُس سے یہاں کے صدیوں کے آپسی اتحاد، بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی کو پارہ پارہ کرنے کی ایک بدترین کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ریاست کے عوام کو بلا لحاظ مذہب و ملت اور رنگ و نسل ایک ہوکر فرقہ پرست اور سازشی عناصر کے مذموم ارادوں کو خاک ملانے کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔