ترواننت پورم: کیرالہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس انیل کانت نے منگل کے روز ترواننت پورم کے پولیس کمشنر سپارجن کمار کو ہدایت دی کہ وہ فلم "دی کیرالہ اسٹوری" کے عملے کے خلاف ریاست کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ کے طور پر پیش کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کریں۔ اس ماہ کے شروع میں ریلیز ہونے والی فلم کے ٹیزر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک دہائی میں جنوبی ریاست سے 32,000 خواتین کو تربیت دی گئی، اور ان میں سے زیادہ تر خواتین کو شام اور افغانستان میں دولت اسلامیہ کے زیر قبضہ علاقوں میں لے جایا گیا۔ فلم کے ہدایت کار سدیپٹو سین ہیں اور اس کو پروڈیوس وی اے شاہ نے کیا ہے-
دو دن پہلے، تمل ناڈو میں مقیم ایک صحافی بی آر اروندکشن نے ملک کے فلم سرٹیفیکیشن بورڈ کے سربراہ پرسون جوشی اور دیگر کو خط لکھ کر فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا جب تک کہ میکرز اپنے دعوے کو مضبوط کرنے کے لیے کافی ثبوت پیش نہ کریں۔ شکایت کی ایک کاپی کیرالہ کے سی ایم پنارائی وجین کو بھی بھیجی گئی جنہوں نے بعد میں اسے ڈی جی پی کو بھیج دیا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا کہ یہ فلم ملک کے اتحاد اور سالمیت کے خلاف ہے جو انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بھی داغدار کرے گی۔ ٹیزر کی جانچ کرنے کے بعد، پولیس نے پایا کہ بہت سے دعوے بغیر کسی ثبوت کے پیش کئے گئے تھے اور اس کا مقصد ریاست کی شبیہ کو خراب کرنا اور مختلف برادریوں کے درمیان نفرت کو ہوا دینا تھا۔