ریاست کیرالہ کے ضلع کوٹایم کے پونجر نگر میں شدید بارش کی وجہ سے دریائے میناچل کی آبی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے حالت یہ ہی کہ ندی کا پانی پل کے اوپر بہہ رہا ہے۔
کیرالہ میں موسلادھار بارش اور سیلاب کا قہر شدید بارش کی وجہ سے فصلیں برباد ہوگئی ہیں۔ ندیوں کی سطح میں اضافہ ہونے سے سینکڑوں مکانات پانی میں ڈوب چکے ہیں۔
مسلسل بارش کی وجہ سے کیرالہ کے ملپورم کے نیلمبور میں سیلاب جیسی صورتحال ہے۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 9 اگست تک کیرالہ کے لیے انتہائی موسلا دھار بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔
زمین کھسکنے اور تودہ گرنے سے 14 افراد ہلاک ہوگئے ہیں کیرالہ کے ضلع اڈوکی کے راجمالا علاقے میں زمین کھسکنے اور تودہ گرنے کے سانحے کے بعد پولیس اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائے حادثہ پر راحت و بچاؤ کے کام میں مصروف ہے۔
کیرالہ میں گذشتہ تین دنوں سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے ضلع وائناڈ کے پنامار میں سیلاب کی صورتحال سنگین ہو گئی ہے۔
وہیں دوسری طرف ریاست میں کیرالہ کے ضلع اڈوکی کے راجمالا علاقے میں زمین کھسکنے اور تودہ گرنے سے 14 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ 10 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ جن کو منار کے ٹاٹا جنرل ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس سانحہ میں تقریباً 85 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں جن کی تلاش جا ری ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ سائٹ پر ریسکیو کا کام بھی تیزی سے چل رہا ہے۔
لینڈ سلائیڈ سے متاثرین کو بچانے کے لیے قومی ڈیزاسٹر رسپانس فورس کو اڈوکی کے راجمالا میں تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس، فائر بریگیڈ، جنگل اور محصولات کے عہدیداروں کو بھی امدادی کاموں کو تیز لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فائر اینڈ ریسکیو اہلکاروں کی 50 رکنی نئی ٹیم کو لینڈ سلائیڈنگ سائٹ پر روانہ کر دیا گیا ہے۔
ریاست میں شدید بارش اور دریائے میناچل کی آبی سطح میں اضافہ ہونے سے چاروں طرف پانی ہی پانی ہے۔