ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن کے چیئرمین اور سابق رکن پارلیمان چودھری لال سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈی ڈی سی انتخابات میں عوامی رجحان قومی پارٹیوں کے حق میں بالکل بھی نہیں ہے۔
صوبہ جموں کے ضلع کٹھوعہ میں ڈی ڈی سی انتخابات میں حلقہ نگری سے ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن کی امیدوارہ کو کامیاب بنانے اور عوام سے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے چودھری لال سنگھ نے کہا کہ ملک بھر میں بے روزگاری عروج پر ہے، کسانوں میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے، پارلیمنٹ میں غریب مخالف اور عوام کی مرضی کے برخلاف پالیسیوں کو مرتب کرتے وقت عوام اور کسانوں کا خیال نہیں رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے جموں کی خود ساختہ قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسے رہنما اور پارٹیوں نے جموں کے مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی اپنی پارٹیوں کے لیے کام کیا ہے۔