بنگلورو:ویلفیئر پارٹی کرناٹک کے صدر طاہر حسین نے کہا کہ نفرت کی سیاست پارلیمنٹ سے لیکر پنچایت تک پھیل چکی ہے۔ بالخصوص کرناٹک میں بھی، بی جے پی حکومت کی برخاستگی و کانگریس کے اقتدار میں آنے کے باوجود یہ نفرت کا پھیلاؤ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مہم کے ذریعہ عوام کو بیدار کریں گے کہ وہ اس نفرت کی سیاست کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔عوام جب تک بیدار نہیں ہو گی اس وقت ملک میں نفرت کی سیاست کا خاتمہ نہیں ہو گا۔
طاہر حسین نے کہا کہ ہمارا ملک ایک جمہوری ملک ہے۔یہاں ہر شہری کو اپنے حقوق حاصل کرنے کی آزادی ہے. اسی طرح اس ملک کی ترقی اور ملک کی فلاح و بہبودی کی فکر کرنا بھی یہاں کے ہر ایک شہری کی ذمہ داری ہے. امن اور بھائی چارے کے لئے مشہور ہمارے اس ملک کے موجودہ حالات ہمیں اس بات پر مجبور کر رہے ہیں کے ہم اس پر سنجیدگی سے غور کریں۔ملک کے موجودہ حالات کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ اس ملک کو چند مفاد پرست سیاست دانوں نے کس موڈ پر لا کر کھڑا کردیا ہے۔