ڈاکٹر مبشر احمد ساجد نے کہا کہ ویکسین سے متعلق منفی خبروں پر توجہ نہ دیں۔ علماء، ماہرین اور دانشوروں کی بات سنیں اور ویکسین لگوائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت شہر سے لے کر گاؤں تک ایک ایک فرد کو مفت ویکسین پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے، اس دوران ہمارا اور آپ کا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم متحد ہوکر اس مہم کو کامیاب بنائیں تاکہ ہم کورونا کی جنگ جیت کر زندگی کو پھر سے پٹری پر لاسکیں۔
ڈاکٹر مبشر احمد ساجد نے مزید کہا کہ آپ تمام احباب اس بات پر یقین رکھیں کہ ملک کے بڑے بڑے علما، دانشور، صحافی اساتذہ اور ڈاکٹرز سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ویکسین کی تائید کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین یقیناً ہر طرح سے محفوظ ہے اور کورونا سے لڑنے کا سب سے طاقتور ہتھیار ہے۔ آج ساری دنیا میں ویکسینیشن کا عمل جاری ہے، اس لیے بے فکری کے ساتھ ویکسین لے کر صحت کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت آپ کی خدمت کے لیے ہمیشہ حاضر ہے، آپ کے محلہ جات، دوست و احباب اور اپنے گھر والوں کے درمیان ویکسین سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کریں اور خود بھی ویکسین لیں اور اپنے اہل و عیال کو بھی جو اٹھارہ سال سے زائد عمر کے ہیں ان سب لوگوں کو ویکسین دلوائیں۔
یہ بھی پڑھیں: یادگیر: عوام سے ویکسین لینے کی اپیل
انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں ویکسین کے لیے لوگوں کو دور دور جانا پڑ رہا ہے اور لمبی لمبی قطاروں میں گھنٹوں کھڑا رہنا پڑ رہا ہے اور متعدد جگہوں پر تو ویکسین کی قلت ہے مگر الحمدللہ یادگیر میں ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے۔
اس لیے آپ تمام لوگ ویکسین لیں اور ساتھ ہی 18 سال سے بڑے اپنے بچوں اور عورتوں کو ویکسین لینے کے لیے ویکسین سنٹر لائیں۔