بیدر: ریاست کرناٹک کے بیدر میں سیرت مہم ' آؤ پیغام نبی کو عام' کے تحت ایک اجتماع منعقد ہوا۔ جس میں مولانا محمد مونس کرمانی صدر مجلس العلماء بیدر، تحریک اسلامی ہند کرناٹک نے 'اسلام میں بزرگوں کا مقام' کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ نبی کریم ﷺ بزرگوں کی بہت قدر کرتے تھے۔ حضرت ابو بکرؓ اپنے والد کو حضور ﷺ کی خدمت میں لے جانے پر آپ ﷺ نے فرمایا انہیں کیوں تکلیف دی میں خود حاضر ہو جاتا ۔آج مسلمانوں کے گھر اور خاندانوں میں بزرگ والدین ، ضعیف لوگوں کی خدمت سے متعلق شکایات بلکہ مقدمات کی بات سامنے آرہی ہے، جو بڑی قابل تشویش ہے ، خصوصاً نوجوان بزرگوں سے حسن سلوک کے معاملہ میں اسوہ احسنہ کو اختیار کریں۔ Seerat Campaign
محمد آصف الدین رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے ’نبی ﷺ خواتین کو بندشوں سے نجات دلانے والے‘ عنوان کے تحت کہا کہ دور جاہلیت میں خواتین کی کوئی حیثیت نہیں تھی ۔نبی ﷺ نے خواتین کے مقام و مرتبہ کو بلند کیا ، اسلام نے خواتین پر کسب معاش کی ذمہ داری نہیں ڈالی ۔ نکاح کے موقع پر لڑکیوں کو قبول و انکار کی آزادی فراہم کی اور حق مہر عطا کیا ۔
محمد معظم نے ماحولیات کے ضمن میں کہا کہ اسلام کی تعلیمات عین فطرت کے مطابق ہیں، انہوں نے کئی احادیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی ﷺ نے ماحول کی پاکیزگی کا ہر لمحہ خیال رکھا ۔شجر کاری کے سلسلہ میں نبی کریم ﷺ نے فرمایا اگر قیامت آ جائے اور کسی کے ہاتھ میں پودا ہو تو وہ اسے ضرور لگا دے۔پانی کے تحفظ کے سلسلہ میں نبی ﷺ نے فرمایا کہ وضو اگر دریا کے کنارے کیوں نہ کر رہے ہوں تب بھی پانی کم استعمال کریں۔نیز نبیﷺ نے پانی کی تجارت سے منع فرمایا ہے۔ Seerat campaign kicks off