بیدر: راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے بیدر جنوب اسمبلی حلقے کے عام آدمی پارٹی کے امیدوار محمد نسیم الدین پٹیل کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت عوام کو تکلیف دینے کا کام کرتی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کسانوں تک کو نہیں چھوڑا، ہم سبھی جانتے ہیں کہ ملک کا کسان ایک سال تک سڑکوں پر بیٹھا رہا اور مسلسل زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ اس احتجاج کے دوران کئی کسانوں نے اپنی جان کی قربانی دی۔ کسانوں کے لیے بنائے گئے قوانین کے خلاف میں نے ایوان میں مائیک توڑا تو ہنگامہ برپا ہوا کہ سنجے سنگھ نے مائیک توڑ دیا ہے۔ میں نے کہا کہ تم کسانوں کی ہڈی توڑنے کا کام کر رہے ہو میں نے مائیک توڑا تو کیا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا نام بدل کر بھارتیہ جملہ پارٹی رکھنا چاہیے، جب بھی انتخابات آتے ہیں بی جے پی پارٹی کے لیڈر بڑے بڑے وعدے کرتے ہیں مگر جیتنے کے بعد ان وعدوں کو پورا کرنے کا کام نہیں کرتے۔