گلبرگہ: جماعت اسلامی بند شاخ گلبرگہ کے زیر اہتمام ہدایت سینٹر میں سید تنویر احمد سکریٹری مرکزی جماعت اسلامی ہند اور مینجنگ ڈائریکٹر ریڈینس ویکلی نئی دہلی نے میڈیا اور مسلمان کے زیر عنوان توسیعی خطبہ پیش کیا۔ محمد ذاکر حسین امیر مقامی نے اس اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید تنویر احمد مینجنگ ڈائریکٹر ریڈینس Radiance ویکلی میگزین نئی دہلی نے میڈیا اور مسلمان کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرنٹ میڈیا الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کام کرتے ہیں۔ میڈیا کے ذریعہ عوامی مسائل کو حل کرنے کی نیت سے سیاسی لیڈران تک پہنچانے کا میڈیا ایک واحد ذریعہ ہے۔
لیکن آج کل ہم دیکھتے ہیں کہ حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کام کرنے والا میڈیا حکومت کا ترجمان بنا ہوا ہے اور عوام کو وہی دکھا رہا ہے بتا رہا ہے جو حکومت چاہتی ہے۔ جب کہ میڈیا کو ہونا یہ چاہیے تھا کہ عوام کے مسائل حکومت کے روبرو پیش کیے جاتے اور ان مسائل کے حل کے لیے سوالات کیے جاتے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے اس رویہ کے بعد سوشل میڈیا اپنی کوششوں اور محنتوں کے ذریعہ عوامی مسائل کو اٹھانے میں کامیاب ہوا ہے۔ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ سوشل میڈیا نے راست طور پر عوام سے اپنے آپ کو جوڑ لیا ہے۔