منگلور: ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) آلوک کمار نے صحافیوں کو بتایا کہ تینوں ملزمین کو کیرالہ اور کرناٹک کی سرحد سے متصل تلپاڈی سے گرفتار کیا گیا اور ان کی شناخت شیاب الدین، بشیر اور ریاض کے طور پر کی گئی۔
شیاب الدین کیمپکو فیکٹری میں کوکو سپلائی کرتا ہے اور وہ سلیا کا رہائشی ہے۔ 29 سالہ بشیر ایک چھوٹے سے ہوٹل میں کام کرتا ہے اور سبرامنیا کے نزدیک الیمانے کا رہائشی ہے۔ تیسرا ریاض انتادکا ہے جو چکن سپلائی کرنے والا ہے۔
آلوک کمار نے کہا کہ آج گرفتار کیے گئے تین اہم حملہ آور ہیں اور اس سے قبل گرفتار کیے گئے سات دیگر افراد نیٹارو کو مارنے کی سازش اور ریکی کا حصہ تھے۔ ان تازہ گرفتاریوں کے ساتھ ہی اس معاملے میں گرفتار ہونے والوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ پولیس کو اصل حملہ آوروں کے بارے میں شروع سے ہی معلوم تھا لیکن انہیں گرفتار کرنے میں تاخیر ہوئی کیونکہ وہ اکثر اپنے ٹھکانے بدلتے رہتے تھے۔ پولیس جرم میں استعمال ہونے والی چھ گاڑیوں کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔