بیلگاوی:کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی نے اتوار کو بیلگاوی ضلع میں سڑک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے اور ضلع کے ڈپٹی کمشنر نے بھی دو لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بومئی نے کہاکہ 'مجھے اس واقعہ کے بارے میں سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔ میں نے ریاستی حکومت کی جانب سے ہر مرنے والے کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کا معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ ضلع ڈپٹی کمشنر کی جانب سے دو لاکھ روپے کا معاوضہ بھی دیا جائے گا۔'
انہوں نے کہا کہ حکومت حادثے میں زخمی ہونے والوں کے طبی اخراجات برداشت کرے گی۔ پولیس نے آج یہاں بتایا کہ صبح کی اولین ساعتوں میں کنبرگی گاؤں کے نزدیک بلاری نالہ میں مال گاڑی کے گرنے سے نو مزدور ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ آٹھ زخمیوں میں سے ایک مزدور کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔