ریاست کرناٹک کے ضلع گلبرگہ میں واقع مسجد صدر دروازہ کے امام مولانا نظام الدین برکاتی نے کہا کہ مسلم معاشرہ میں عام طور پر ماہ صفر کے تعلق سے چند غلطیاں فہمیاں پائی جاتی ہیں اور چند افراد اس مہینے کو منحوس سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ سب بے بنیاد اور من گھڑت باتیں ہیں۔
'ماہ صفرمنحوس نہیں بلکہ کامیابی کا مہینہ ہے' - Yadgir etv bharat news
بعض مسلمانوں میں عام طورپراسلامی کیلنڈر کے اعتبار سے دوسرے مہینہ صفرالمظفر سے متعلق غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔ یادگیر میں واقع مسجد صدر دروازہ کے امام مولانا نظام الدین نے کہا کہ کوئی بھی مہینہ منحوس نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ مذہب اسلام میں نہ تو کوئی دن اور نہ ہی کوئی مہینہ منحوس ہے بلکہ سارے ایام ایک جیسے ہیں۔ ہاں چند دنوں اور مہینوں کو دیگر مہینوں اور دنوں پر فضیلت حاصل ہے۔
مولانا نظام الدین نے کہا کہ اسلامی کیلنڈر میں اس ماہ کا نام صفر المظفر ہے جس کے معنیٰ کامیابی کا مہینہ ہے۔
اسلامی تاریخ کا مطالعہ کریں تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس ماہ میں کئی کامیابیاں ملی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ماہ صفر میں کئی لوگ سفر کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ شادیاں نہیں کرتے، اپنے دکانوں اور مکانوں کا افتتاح نہیں کرتے کیونکہ اس ماہ کو نحوست والا مہینہ سمجھتے ہیں۔
مولانا نظام الدین نے مزید کہا کہ اس طرح کی سوچ ایک جاہلانہ سوچ ہے۔
مولانا نظام الدین نے امت مسلمہ سے اپیل کی ہے کہ اس طرح کی غلط فہمیوں سے دور رہیں اور اس ماہ میں بھی وہ سب کام کریں جو دیگر مہینوں میں انجام دیتے ہیں-