بنگلور:ہفتہ کو کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو واضح اکثریت ملنے کے بعد پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے نے پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کی۔ کھرگے کی رہائش گاہ پر ہوئی میٹنگ میں کرناٹک کانگریس کے سربراہ ڈی کے شیوکمار اور سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی کے شیوکمار اور سدارامیا نے کھرگے کو مبارکباد پیش کیا۔ واضح رہے کہ اس سال کے شروع میں کھرگے کے پارٹی صدر کے طور پر سنبھالنے کے بعد کرناٹک انتخابات کانگریس کی ایک بڑی جیت ہے۔
بتادیں کہ کرناٹک میں کانگریس پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔ کانگریس نے 224 سیٹوں میں سے 136 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج پر پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے اپنے مختصر افتتاحی کلمات میں راہل گاندھی نے کہاکہ کرناٹک میں نفرت کا بازار بند ہو گیا ہے اور محبت کی دکان کھل گئی ہے۔ وہیں اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کرناٹک میں کانگریس کی جیت پر مبارک باد پیش کی ہے۔