گلبرگہ: ریاست کرناٹک کے گلبرگہ شہر کے مدرسہ عربیہ معینیہ پیر بنگالی گراؤنڈ زم زم کالونی میں دینی سمرکلاس کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مولانا تنویر اشرفی، مولانا یوسف قریشی، محمد ضمیر احمد، یونس احمد، محمد و دیگر افراد نے بحثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ اس جلسہ میں طلبا و طالبات نے اپنا تعلیمی مظاہرہ پیش کیا۔
اس موقعے پر مولانا یوسف قریشی نائب امام مسجد سہنا نے کہا کہ بچوں میں عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کا شوق پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔ ہر مسلمان کے لیے علم دین حاصل کرنا ضروری ہے۔ عمل صالح کو جاننے اور اس کو اختیار کرنے کے لئے قدم قدم پر علم دین کی ضرورت ہے۔ قرآن مجید نے اپنے آپ کو اور اپنے اہل وعیال کو آگ سے بچانے کا حکم دے کر بالو اسط علم کی طرف متوجہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم دین کا حاصل کرنا فرائض میں شامل ہے۔ انسان پر جیسے دوسروں کے حقوق ہیں، اسی طرح اس پر خود اپنی ذات کا، اپنے بچوں اور اپنے عزیز و اقارب کا بھی حق ہے۔ اس لیے مسلمان عصری تعلیم کے ساتھ مذہبی تعلیم بھی حاصل کریں، جس سے آپ کو دنیا اور آخرت میں بھی کامیابی حاصل ہوگی۔