رام نگرا: ڈوڈا الاہلی کیمپیگوڑا شیوکمار (Doddalahalli Kempegowda Shivakumar)یعنی ڈی کے شیوکمار کرناٹک کی سیاست میں کافی مقبول رہنما ہیں۔ وہ کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (KPCC) کے صدر ہیں اور اوکلیگا کمیونٹی کے ایک بااثر رہنما مانے جاتے ہیں۔ کانگریس ہائی کمان کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات ہیں۔ وہ وزیر اعلیٰ بننے والی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔
طالب علم سے سیاست داں بنے ڈی کے: ڈی کے شیوکمار نے 1980 کی دہائی کے اوائل میں ایک طالب علم رہنما کے طور پر اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے اپنا پہلا الیکشن 1989 میں جیتا، جب وہ میسور ضلع کے سیٹنور حلقہ سے کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے رکن کے طور پر منتخب ہوئے۔ اس وقت ان کی عمر صرف 27 سال تھی۔ کنکا پورہ حلقہ کی تشکیل کے بعد انہوں نے لگاتار کامیابی حاصل کی۔ انہیں 2018 کے انتخابات کے بعد کرناٹک میں کانگریس اور جنتا دل کی مخلوط حکومت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرنے کا سہرا جاتا ہے۔
ڈی کے شیوکمار کا سیاسی سفر: سنہ 1989 میں انہوں نے سیٹنور حلقہ سے اسمبلی الیکشن جیت کر حلقہ میں جے ڈی ایس کی طاقت کا اثر کم کیا تھا۔ 1991 میں ڈی کے شیوکمار نے ایس بنگارپا کو وزیر اعلیٰ منتخب کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ بنگارپا کی کابینہ میں وزیر تھے۔ سنہ 1999 کے انتخابات میں سیٹنور حلقہ سے منتخب ہونےکے بعد وہ ایس ایم کرشنا کابینہ میں وزیر بنے۔ سنہ 2002 میں شہری ترقی کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہیں سنہ 2008 میں وہ حلقہ بندیوں کی دوبارہ تقسیم کے بعد کنکا پورہ حلقہ میں آئے۔ وہ 2008، 2013 اور 2018 کے انتخابات میں کنکاپور سے لگاتار جیت چکے ہیں۔ سنہ 2013 میں سدارامیا کی کابینہ میں شامل ہوئے اور توانائی کے پورٹ فولیو کا چارج سنبھالا۔ وہ ایچ ڈی کمار سوامی کی قیادت والی جے ڈی ایس-کانگریس اتحاد حکومت میں آبی وسائل اور کنڑ اور ثقافت کے وزیر تھے۔