بیدر: کرناٹک ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین رؤف الدین کچہری والا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہاں میں نے بیدر شہر سے اسمبلی ٹکٹ کے لئے درخواست دی ہے۔ وہ پرامید ہیں کہ اس مرتبہ انہیں ٹکٹ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ 27 برسوں سے بی جے پی پارٹی میں کارکن کی حیثیت سے مسلسل کام کر رہا ہوں۔ کئی بار مجھے اپنے ہی لوگوں سے ناراضگی کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن میں نے پارٹی نہیں چھوڑی۔ ہر پارٹی میں اچھے اور برے لوگ ہوتے ہیں کوئی بھی پارٹی بری نہیں ہوتی ۔
ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی پارٹی کے قومی و ریاستی اقلیتی قائدین کی موجودگی میں میں نے بیدر شہری اسمبلی حلقے سے ٹکٹ کے لئے درخواست دی ہے۔ گزشتہ بار بھی میں نے ٹکٹ کے لئے درخواست دی تھی۔مجھے یقین ہے کہ پارٹی مجھے میری کارکردگی کی بنیاد پر ٹیکٹ دے گی کیونکہ پارٹی نے جب کبھی جو بھی ذمہ داری مجھے دی ہے میں نے اس کو بخوبی نبھایا ہے۔