بنگلور:ریاست کرناٹک میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات Assembly Elections in Karnataka کے پیش نظر سیاسی پارٹیاں حرکت میں آچکی ہیں۔ "کرناٹک مسلم متحدہ محاذ" نے بھی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں کرناٹک مسلم متحدہ محاذ کی جانب سے علماء کرام کی سرپرستی میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں ریاست بھر سے مختلف ملی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس اجلاس کے متعلق بات کرتے ہوئے کرناٹک مسلم متحدہ محاذ Karnataka Muslim United Front کے رکن و جماعت اسلامی کرناٹک کے صدر ڈاکٹر محمد سعد بلگامی نے کہا کہ کرناٹک میں ہونے والے اسمبلی انتخابات و اگلے پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر اس اجلاس کے ذریعہ مسلم متحدہ محاذ کے برانچز کو مضبوط کیا جائے گا تاکہ ملت میں سیاسی شعور کی بیداری و مسلم ووٹ کے بہتر استعمال کی رہنمائی کی جاسکے۔