ہبلی (کرناٹک): کیا آپ گاڑی چلاتے ہوئے سو جاتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو اب فکر نہ کریں! یہ چشمے پہنیں اور محفوظ طریقے سے ڈرائیو کریں۔ کرناٹک کے ہبلی کی ایک لڑکی نے نیند کو روکنے والی ایک ایسی مشین ایجاد کی ہے، جو پڑھائی کے دوران سونے والے طلبہ اور رات کی شفٹ میں کام کرنے والے ملازمین کے ساتھ ساتھ گاڑی ڈرائیو کرنے والوں کو بھی نیند سے جگاتی ہے۔
یہ جدید مشین کرناٹک کے ہبلی کی ایک طالبہ رابعہ فاروقی نے ایجاد کی ہے۔ شہر کے ایک کانونٹ اسکول کی طالبہ رابعہ فی الحال ودیا نکیتن کالج میں پی یو سی سال اول میں زیر تعلیم ہیں۔ گاڑی چلاتے وقت ڈرائیور کے سونے کی وجہ سے حادثات کا ہونا معمول کی بات ہے۔ اب طالبہ رابعہ فاروقی نے ایسے حادثات سے بچنے کے لیے انوکھی مشین ایجاد کر لی ہے۔
'اینٹی سلیپ ڈروسینس پریونٹر مشین' والے شفاف چشمے ایک ریچارج ایبل بیٹری، ایس آئی بی بزر، اور آئی آر سینسر سے لیس ہیں۔ اگر آپ ڈرائیونگ کے دوران یہ چشمے پہنتے ہیں، تو آپ کی آنکھیں تھوڑی بند ہونے پر یہ ایک لمحے میں ایکٹو ہو جائیں گے۔ اس کے بعد چشمے سے جڑا نینو آرڈوینو بزر بج کر ڈرائیور کو الرٹ کرے گا۔