وزیر اعظم نریندر مودی نے کرناٹک میں کانگریس کی جیت پر مبارک باد پیش کی ہے۔ بتادیں کہ کرناٹک میں کانگریس پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔ کانگریس نے 224 سیٹوں میں سے 136 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
کرناٹک میں کانگریس نے لہرایا جیت کا پرچم، بڑے فرق کے ساتھ بی جے پی اقتدار سے بے دخل
17:35 May 13
وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کو جیت کی مبارک باد دی
17:13 May 13
کرناٹک نے بی جے پی کی نفرت کی سیاست کو شکست دی، محبوبہ مفتی
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہفتے کے روز سری نگر میں کرناٹک کے انتخابی نتائج پر کہاکہ 'کرناٹک کے لوگوں نے بی جے پی کے فرقہ وارانہ ایجنڈے کو شکست دی ہے۔ کرناٹک میں بی جے پی کی شکست سے ایک امید کی کرن نظر آرہی ہے۔ بی جے پی نے ہر سطح پر پولرائزیشن کی کوشش کی۔ خود پی ایم مودی نے مذہبی مسائل کو اٹھانے کی کوشش کی، لیکن سب بے سود رہا۔ کیونکہ لوگوں نے مذہبی منافرت کی سیاست کو شکست دی۔
16:04 May 13
راہل گاندھی وزیر اعظم بن سکتے ہیں، سدارامیا
کانگریس رہنما سدارامیا نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو ملنے والے مینڈیٹ کے ساتھ امید ظاہر کی کہ راہل گاندھی کے ملک کے وزیر اعظم بن سکتے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے امید ظاہر کی کہ راہل گاندھی جو 2014 اور 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے وزیر اعظم کے امیدوار تھے 2024 میں وزیر اعظم بنیں گے۔
15:37 May 13
ممتا بنرجی نے کرناٹک اسمبلی کے نتائج کو کل کےلیے سبق قرار دیا
ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کرناٹک اسمبلی میں حکمراں بی جے پی کی شکست کو کل کےلیے سبق قرار دیا ہے۔ ممتا بنرجی نے ٹویٹ کیاکہ 'تبدیلی کے حق میں فیصلہ کن مینڈیٹ کے لیے کرناٹک کے لوگوں کو میرا سلام۔'
15:19 May 13
کرناٹک میں نفرت کا بازار بند ہوا، محبت کی دکانیں کھلی، راہل گاندھی
کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو واضح اکثریت ملی ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں نفرت کا بازار بند ہوا ہے، محبت کی دکانیں کھلی ہیں۔ کرناٹک نے دکھادیا کہ ملک کو محبت اچھی لگتی ہے۔ راہل گاندھی نے کہاکہ غریب عوام نے سرمایہ دارانہ طاقت کو شکست دی ہے۔
14:32 May 13
بی جے پی کے لیے ہار یا جیت کوئی بڑی بات نہیں ہے، بی ایس یدی یورپا
بی ایس یدی یورپا نے کرناٹک اسمبلی نتائج پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے لیے ہار اور جیت کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ 2 سیٹوں سے شروع ہونے والی بی جے پی آج سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے۔ کارکنوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ ہم اپنی شکست پر نظر ثانی کریں گے۔ ہم عوام کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور ہمیں ووٹ دینے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
14:23 May 13
ڈی کے شیوکمار نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی پرچم لہرایا
کرناٹک کے انتخابی رجحانات میں کانگریس کو واضح اکثریت ملنے کے بعد کرناٹک کانگریس کے سربراہ ڈی کے شیوکمار نے اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں کا مبارکباد قبول کرتے ہوئے جیت پر خوشی کا اظہار کیا اور پارٹی پرچم لہرایا۔
13:55 May 13
ڈی کے شیوکمار کنکاپورہ سے سنتاون ہزر ووٹوں سے جیتے
کانگریس ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار نے رام نگر ضلع کے کنکا پورہ حلقہ سے 57 ہزار ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے۔ شیوکمار گنتی کے آغاز سے ہی آگے تھے۔ بی جے پی کے آر اشوک بڑے فرق سے ہار گئے، اور جے ڈی (ایس) کے بی۔ ناگاراجو دوسرے نمبر پر رہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے مطابق شیوکمار کو 63,475 ووٹ ملے، ناگاراجو کو 11,306 ووٹ اور اشوک کو 10,086 ووٹ ملے۔
13:36 May 13
یہ 2024 کے لیے ایک واضح پیغام ہے، کانگریس رہنما
کرناٹک کے انتخابی نتائج پر کانگریس رہنما بی کے ہری پرساد نے کہا، 'یہ 2024 (عام انتخابات) اور 3 ریاستوں میں ہونے والے آئندہ انتخابات کے لیے ایک واضح پیغام ہے بی جے پی کو جانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں نے واضح راستہ چنا ہے۔ بی جے پی کے جھوٹے وعدوں اور منفی سیاست کے خلاف یہ ایک اچھا مینڈیٹ ہے… ہمیں پہلے واضح مینڈیٹ ملا تھا، پھر بھی انہوں نے ہمارے ایم ایل اے خرید کر حکومت بنائی۔ لوگوں نے اس بار واضح مینڈیٹ دیا۔
13:25 May 13
کرناٹک کانگریس سربراہ ڈی کے شیوکمار جذباتی ہو گئے
کرناٹک اسمبلی نتائج پر ریاستی کانگریس سربراہ ڈی کے شیوکمار جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے سونیا گاندھی سے وعدہ کیا تھا، وہ وعدہ پورا کیا۔ یہ کانگریس کارکنان کی مشترکہ کوششوں کی جیت ہے، یہ عوامی جیت ہے۔
12:54 May 13
وزیر اعلی بسواراج بومائی کے قافلے کے سامنے کانگریس کارکنان کا جشن
کرناٹک انتخابی رجحانات میں کانگریس کو واضح اکثریت ملتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ اسی درمیان کانگریس کارکنان کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومائی کے قافلے کے سامنے جشن منا تے ہوئے نظر آئے۔
12:46 May 13
سدارامیا کے گھر کے باہر جشن کا ماحول
رجحانات کے مطابق کانگریس کو 127 سیٹوں پر سبقت حاصل ہے۔ اسی درمیان کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر سدارامیا کی رہائش گاہ کے باہر کانگریس کارکنان جشن منارہے ہیں۔
12:36 May 13
کرناٹک میں کانگریس کی جیت اور مودی کی شکست ہوئی، بگھیل
چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے کہا کہ کرناٹک کے انتخابی نتائج ہماری توقعات کے مطابق ہیں۔ پی ایم مودی نے خود کو آگے کر کے ووٹ مانگا تو یہ ان کی شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ بجرنگ بالی کس کے ساتھ کھڑا ہے۔ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ کانگریس نے ہمالیہ سے لے کر سمندر تک کامیابی حاصل کی ہے، جو لوگ کانگریس سے بھارت( کانگریس مکت) بھارت کی بات کرتے تھے، اب جنوبی بھارت سے مکت ہوگئے ہیں۔
12:26 May 13
کرناٹک میں بی جے پی شکست پر بسواراج بومائی کا ردعمل
کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومائی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے شکست تسلیم کی اور کہاکہ ہم کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ نتائج آنے کے بعد ہم تفصیلی تجزیہ کریں گے۔ ایک قومی جماعت کے طور پر ہم نہ صرف تجزیہ کریں گے بلکہ یہ بھی دیکھیں گے کہ مختلف سطحوں پر کیا کمی رہ گئی تھی۔
12:14 May 13
کانگریس کو واضح اکثریت، بی جے پی کو بھاری نقصان
ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک کے نتائج کے مطابق کانگریس کے 19 امیدوار کامیاب ہوچکے ہیں اور 103 امیدوار کو سبقت حاصل ہے۔ جب کہ بی جے پی کے 6 امیدوار کامیاب ہوئے اور 63 امیدوار کو سبقت حاصل ہے۔ وہیں جے ڈی ایس کے ایک امیدوار کامیاب ہوئے ہیں اور 25 کو سبقت حاصل ہے۔
12:03 May 13
کرناٹک انتخابات کے نتائج کا اثر آئندہ انتخابات میں بھی نظر آئے گا، اشوک گہلوت
راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے دوران کرناٹک میں جو ماحول دکھا تھا آج اسی کا نتیجہ کرناٹک انتخابات کے نتائج میں واضح طور پر دکھ رہا ہے۔ یو پی اے چیئرپرسن محترمہ سونیاگاندھی، کانگریس صدر جناب ملکا ارجن کھڑگے، جناب راہل گاندھی اور محترمہ پرینکا گاندھی کی قیادت میں کانگریس رہنماؤں نے شاندار مہم چلائے۔ کرناٹک نے فرقہ وارانہ سیاست کو مسترد کرکے ترقیاتی کی سیاست کا انتخاب کیا ہے۔ آنے والے راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، اور تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں بھی اس کا اثر دکھے گا۔
11:49 May 13
اگر ہم برسراقتدار آ گئے تو بجرنگ دل پر پابندی لگائی جائے گی: عمران پرتاپ گڑھی
کانگریس رہنما عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ اگر ہم کرناٹک میں برسر اقتدار میں آگئے تو بجرنگ دل پر پابندی لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کا اثر ہے۔ کرناٹک کے عوام نے نفرت کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ ہمیں بجرنگ بالی کا آشیرواد ملا ہے۔ ہمیں تمام صوفی بزرگوں کا فیض حاصل ہے۔
11:21 May 13
سدارامیا 2710 ووٹوں سے آگے
کانگریس کے سینئر لیڈر سدارامیا ورون سیٹ سے 2710 ووٹوں سے آگے ہیں۔ انہیں 6576 ووٹ جب کہ ان کے حریف سابق ریاستی وزیر و بی جے پی رہنما وی سومنا کو 3866 ووٹ ملے ہیں۔
11:21 May 13
الیکشن کمیشن کے رجحانات میں کانگریس کو اکثریت
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق رجحانات میں کانگریس کو اکثریت ملی ہے۔ کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کانگریس 43.2 فیصد ووٹوں کے ساتھ 114 سیٹوں پر آگے ہے۔ وہیں بی جے پی کو 36 فیصد ووٹوں کے ساتھ 73 سیٹوں پر آگے ہے۔
11:20 May 13
بی جے پی حکومت کے 14 وزراء رجحانات میں پیچھے
کرناٹک انتخابات میں حکمراں بی جے پی کے 14 وزراء رجحانات میں پیچھے ہیں۔ بتا دیں کہ 224 سیٹوں کے رجحانات میں کانگریس 124 اور بی جے پی 65، جے ڈی ایس 18 سیٹوں پر آگے ہے۔
10:57 May 13
سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی 1800 ووٹوں سے آگے
جنتادل سیکولر کے لیڈر و سابق وزیر اعلی ایچ ڈی کمار سوامی 1800 ووٹوں سے آگے ہیں۔ انہیں اب تک 19398 ووٹ ملے ہیں۔ وہیں بی جے پی امیدوار سی پی یوگیشور کو 17591 ووٹ ملے ہیں۔
10:53 May 13
تیرتھہلی اسمبلی سیٹ پر کانٹے کی ٹکر، بی جے پی امیدوار 1800 ووٹوں سے آگے
کرناٹک انتخابات میں تیرتھہلی اسمبلی سیٹ سے بی جے پی امیدوار 1800 ووٹوں سے آگے ہے۔ بی جے پی امیدوار ارگا گیانیندر اس سیٹ سے اب تک 14968 ووٹ ملے ہیں۔ ان کے قریبی حریف کانگریس امیدوار کو 13076 ووٹ ملے۔
10:36 May 13
کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیو کمار 10 ہزار ووٹوں سے آگے
کرناٹک کا نگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار کنک پورہ اسمبلی سیٹ سے تقریباً 10,000 ووٹوں سے آگے ہیں۔ اب تک انہیں 12542 ووٹ ملے ہیں۔ ان کے قریبی حریف بی جے پی کے کے آر اشوک کو 1316 ووٹ ملے ہیں۔
10:36 May 13
بومئی 8 ہزار ووٹوں سے آگے
کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی تقریباً 8 ہزار ووٹوں سے آگے ہیں۔ اب تک انہیں 18309 ووٹ ملے ہیں۔ ان کے قریبی حریف کانگریس کو امیدوار کو 9792 ووٹ ملے۔
10:36 May 13
بی جے پی کے باغی لیڈر جگدیش شیٹر 7000 ووٹوں سے پیچھے
بی جے پی کے باغی لیڈر جگدیش شیٹر اپنے ہی سیاسی شاگرد سے تقریباً 7 ہزار ووٹوں سے پیچھے ہیں۔ شیٹر کو اب تک 14705 ووٹ ملے ہیں، ان کے قریبی حریف بی جے پی امیدوار کو 22201 ووٹ ملے ہیں۔
10:18 May 13
الیکشن کمیشن کے رجحانات میں بھی کانگریس 100 سیٹوں کے پار
الیکشن کمیشن کے رجحانات میں بھی کانگریس نے 100 کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔ رجحانات میں کانگریس شروع سے ہی آگے ہے۔
10:01 May 13
پرینکا گاندھی نے شملہ کے مندر میں پوجا کی
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے آج شملہ کے جاکھو مندر میں پوجا کی۔
09:55 May 13
بنگلور میں کانگریس کے دفتر باہر جشن کا ماحول
بنگلور میں کانگریس کے دفتر باہر جشن کا ماحول
09:55 May 13
بنگلور میں کانگریس کارکنان کا جشن
کرناٹک کے رجحانات میں کانگریس کی برتری پر بنگلور کے ماؤنٹ کارمل کالج کے باہر کانگریس کارکنان جشن مناتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
09:52 May 13
کانگریس نے اپنے تمام رہنماؤں کو بنگلور پہنچنے کو کہا
کانگریس پارٹی کی جانب سے تمام ایم ایل ایلز کو بنگلوت پہنچنے کے لیے کہا گیا ہے۔
09:50 May 13
ہم بھاری اکثریت سے حکومت بنارہے ہیں: پون کھیڑا
کانگریس کے سینیئر رہنما و ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہم بھاری اکثریت سے حکومت بنانے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جن مسائل کو لے کر الیکشن لڑے ان مدعوں کی جیت ہورہی ہے۔
09:30 May 13
ابتدائی رجحانات میں کانگریس کو واضح اکثریت، ووٹوں کی گنتی جاری
ابتدائی رجحانات کے مطابق کانگریس کرناٹک میں واضح اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آرہی ہے۔ رجحانات میں کانگریس 118، بی جے پی 74 اور جے ڈی ایس 22 سیٹوں پر آگے ہے۔
09:24 May 13
وزیر اعلی بسواراج بومائی شیگاؤں میں بی جے پی آفس پہنچے
کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومائی شیگاؤں میں بی جے پی آفس پہنچے، آفس کے احاطے میں ایک سانپ نکل آیا جس بعد میں پکڑ لیا گیا ۔
09:10 May 13
کرناٹک انتخابات میں کئی وزراء کی حالت خستہ
کرناٹک انتخابات میں کئی وزراء کی ساکھ داؤ پر لگی ہے۔ جن میں وی سومنا، سوم شیکھر، ایم ٹی بی ناگراج اور بی سی ناگیش رجحانات میں پیچھے ہیں۔
09:00 May 13
کرناٹک میں کانگریس کی 84 سیٹوں پر سبقت، بی جے پی پیچھے
کرناٹک میں ابتدائی رجحانات میں کانگریس کی 84 سیٹوں پر سبقت، بی جے پی 73 اور جے ڈی ایس 14 سیٹوں پر آگے ہے۔
08:53 May 13
میرے والد کو وزیر اعلی بننا چاہیے: یتیدرا سدا رامیا
کرناٹک کے سابق وزیر اعلی سدارامیا کے بیٹے یتیندرا سدارامیا نے کہا کہ ہم بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے کچھ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے مفاد کے لیے میرے والد کو وزیر اعلی بننا چاہیے۔
08:49 May 13
کرناٹک انتخابات کے ابتدائی رجحانات میں کانگریس 59 سیٹوں پر آگے
کرناٹک اسمبلی انتخابات کی ووٹوں گنتی کے ابتدائی رجحانات میں کانگریس 59 سیٹوں پر آگے ہے۔ وہیں بی جے پی 42 اور جے ڈی ایس 13 پر آگے ہے۔
08:48 May 13
وزیر اعلی بسواراج بومئی نے ہنومان مندر میں پوجا کی
کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی نے ووٹوں کی گنتی شروع ہونے پر ہبلی میں ہنومان مندر میں پوجا کی۔
08:32 May 13
دہلی کے کانگریس دفتر میں پارٹی کارکنان جشن منارہے ہیں
کرناٹک میں ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی ہے۔ابتدائی رجحانات میں کانگریس آگے ہیں۔ وہیں دہلی میں کانگریس آفس پر پارٹی کے کارکنان جشن مناتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
08:22 May 13
کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹوں کی گنتی 36 مراکز پر سخت سیکورٹی کے درمیان آج صبح 8 بجے ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔ ابتدائی رجحانات میں کانگریس آگے ۔
ریاستی اسمبلی کی 224 سیٹوں کے لیے بدھ کو ریکارڈ 73.19 فیصد ووٹ ڈالنے کے بعد، ہفتے کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے لیے تمام تیاریاں پہلے ہی مکمل کر لی گئی تھیں۔ پوری ریاست میں ووٹوں کی گنتی کے لیے خصوصی طور پر 36 مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں صبح آٹھ بجے ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی۔
گنتی کی دوپہر تک کے رجحانات میں نئی اسمبلی کی تصویر واضح ہونے کی امید ہے۔
یہ انتخاب کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی اور کانگریس کے سینئر لیڈر سدارامیا اور ڈی کے شیوکمار کے علاوہ جنتا دل (سیکولر) لیڈر ایچ ڈی کمار سوامی کی قسمت کا فیصلہ کرے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق کرناٹک میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔
سال 2018 میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی 104 سیٹیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری تھی۔ کانگریس کو 80 اور جنتا دل سیکولر کو 37 سیٹیں ملی ہیں۔ کانگریس کو 38.04 فیصد ووٹ ملے، اس کے بعد بی جے پی کو 36.22 فیصد ووٹ ملے۔ جنتا دل سیکولر کو 18.36 فیصد ووٹ ملے۔
بی جے پی کے سب سے زیادہ سیٹیں جیتنے کے بعد پارٹی لیڈر بی ایس یدیورپا نے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا، لیکن اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے سے پہلے ہی حکومت تین دن کے اندر ہی گر گئی تھی۔ حکومت بنانے کے باوجود بی جے پی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔
اس کے بعد کانگریس-جنتا دل سیکولر نے مل کر کرناٹک میں حکومت بنائی اور کمارسوامی ریاست کے وزیر اعلیٰ بنے تھے۔ تاہم، چودہ مہینوں کے اندر یہ حکومت بھی گر گئی کیونکہ کانگریس اور جنتا دل سیکولر کے 17 ارکان اسمبلی نے استعفی دے دیا تھا اور سبھی بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے۔