حضرت سید محمد حسینی گیسودراز بندہ نوازؒ کے 615 ویں عرس کا شام جلوس صندل مبارک کی روانگی سے آغاز ہوا۔ شام پانچ بجے محبوب گلشن کے احاطے میں مختص خصوصی گوشہ بندہ نواز میں نماز عصر باجماعت ادا کی گئی اور سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی سجادہ نشین درگاہ بندہ نوازؒ کی زیرصدارت محفل سماع کا انعقاد عمل میں آیا۔
محفل سماع میں محمد محبوب بندہ نواز، احسان خان عادل خان بندہ نواز، تحسین بندہ نوازحیدرآباد اور محمد عبد الروف بندہ نواز، خواجہ پارٹی گلبرگہ نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا ۔ محفل سماع کے اختتام کے بعد سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی سجاد نشین درگاہ حضرت بندہ نواز نے سمر ہاوں میں صندل مبارک کی کشتیاں اپنے سر پر اٹھا کر جلوس صندل مبارک کو روانہ کیا۔
جلوس صندل مبارک کا مشاہدہ کرنے کے لیے بلا لحاظ مذہب وملت خواتین کی بھاری تعداد محبوب گلشن میں موجود تھیں۔
جلوس صندل مبارک جگت سرکل، سپرمارکیٹ ،بھانڈابازار،گلزارحوض چوک، کلاتھ بازار سے ہوتا ہوا مسجد مارکیٹ پہنچا۔ نماز مغرب اور نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد جلوس صندل کی جانب درگاہ شریف روانگی عمل میں آئی۔