ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور کے نزد قریہ علی پور میں حضرت بی بی فاطمہ کی مناسبت سے منعقدہ چار روزہ مجالس کے انعقاد کے دوران علاقہ کے دارالزہرہ سے میدان کربلا تک جلوس نکالا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں پرستاران اہل بیت نے شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کرناٹک وقف بورڈ کے رکن و مذکورہ پروگرام کے ڈائریکٹر مولانا سید اظہر حسین نے بتایا کہ ان چار روزہ مجالس میں حضرت بیبی فاطمہ کی سیرت اور ان کی اجتماعی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اُمت مسلمہ کو پیار و محبت، اخوت بھائی چارگی، اتحاد و اتفاق کا پیغام دیا جاتا ہے۔
اسلامی ممالک میں اتحاد سے سامراجی طاقتوں کا خاتمہ ممکن اس موقع پر موجود اہم ذمہ داران نے شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر کے متعلق بتایا کہ یہ قوانین دستور مخالف ہیں اور مُسلمانوں کو ہراساں کرنے کی غرض سے تشکیل دئے گئے ہیں۔
اس موقع پر مولانا سید علی رضا نے ایرانی معاملات کے متعلق بتایا کہ ایران نے ہمیشہ سے ظلم و ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور امریکہ کو بھی یہ جواب دیا ہے کہ ہم کسی بھی طاقت سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی ممالک متحد ہوجائے تو سامراجی طاقتیں ختم ہوجائینگی۔
اس موقع پر نظیر احمد نے بتایا کہ ایران کے جنرل قاسم سلیمانی صرف ایران کا دفاع نہیں بلکہ فلسطین اور عالم اسلام کا دفاع کر رہے تھے۔ سامراجی طاقتوں کے جنم دئے گئے داعش، آئی ایس آئی ایس جیسے منفی و تباہ کن طاقتوں کے خاتمے کے لئے مرحوم سلیمانی نے جدوجہد کی۔
مولانا اظہر نے بتایا کہ ان جلاس کے خصوصی ایام میں نوجوانوں کی جانب سے سماجی خدمات کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے جیسے بڑے پیمانے پر ہیلتھ چیک اپ کیمپ جہاں مفت میں دوائیوں کے ساتھ علاج بھی کیا جاتا ہے۔