دنیا بھر میں آج فوٹوگرافی کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ جہاں فوٹوگرافرز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے وہیں فوٹو اسٹوڈیو مالکان کا کہنا ہے کہ ان کے کاروبار میں کافی گراوٹ آئی ہے۔
کیا فوٹوگرافی کا کاروبار ختم ہوتا جارہا ہے؟ مزید پڑھیے: فوٹوگرافر کے پاس 1965 کے بعد سے تمام کیمرے موجود
کرناٹک میں یادگیر ضلع میں واقع ایس آر فوٹو اسٹوڈیو کے مالک ایس آر رومنا تمام فوٹوگرافرز کو آج کے عالمی فوٹوگرافی کے دن مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 'گزشتہ چند سالوں سے فوٹو گرافی کی مانگ میں کافی کمی ہوئی ہے، اس کی ایک وجہ نئے نئے مہنگے موبائل فونز بھی ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'آج کل چھوٹی موٹی تقاریب کی فوٹوگرافی لوگ اپنے فون سے ہی کر لیتے ہیں، جس کی وجہ سے فوٹوگرافرز کی اہمیت کم ہو گئی ہے۔ متعدد افراد اپنے موبائل سے فوٹو لے کر ہی پرنٹ کرا لیتے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کورونا کی وجہ سے شادی بیاہ کی تقریب نہایت سادگی اور مختصر ہوگئی ہے، جس کے چلتے فوٹوگرافی ویڈیو گرافی کی مانگ پوری طرح ختم ہوگئی ہے اور فوٹو گرافرز بے روزگار ہوگئے ہیں'۔
ایس آر اسٹوڈیو کے مالک کی طرح آج بہت سے فوٹوگرافرز ہیں جو لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کی مار جھیل رہے ہیں۔ زیادہ نقصان ان کو ہے جو وائلڈ لائف اور ویڈنگ فوٹوگرافی کرتے ہیں۔ وائلڈ لائف فوٹوگرافر سال میں بیشتر دنوں صحرا و بیاباں میں رہتے ہیں، وہیں ویڈنگ فوٹوگرافر پری ویڈنگ شوٹ اور شادی کے موقع پر بے حد مصروف ہوتے ہیں۔
کورونا وائرس کی گائیڈ لائن کے تحت آج تقریبات میں بہت کمی آئی ہے۔ جس کے سبب فوٹوگرافرز کی معیشت کافی متاثر ہوئی ہے۔