ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر کے نگران وزیر برائے افزائش مویشیان پربھو چوہان نے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جل جیون مشن ریاستی و مرکزی حکومت کا ایک اہم باہمی تعاون کا منصوبہ ہے۔
اس پروگرام پر موثر عمل آوری کے لئے اقدامات کریں انہوں نے کہا کہ اس مشن کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جانا چاہئے اور اس منصوبے کے نفاذ میں کسی بھی قسم کی شکایت کے لیے متعلقہ احکام جوابدہ ہوں گے۔
ضلع بیدر کے گھر گھر کو بذریعہ نل سربراہی آب کا منصوبہ بنایا گیا ہے جل جیون مشن اسکیم کے لئے جملہ 80 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔
جس میں مرکزی اور ریاستی حکومت کا %37، گرام پنچایت کا پندرہ فیصد، عوام کا دس فیصد حصہ ہوگا پہلے مرحلے میں زائد پانی رکھنے والے دیہاتوں کو منتخب کیا گیا ہے۔
135 دیہاتوں میں اس اسکیم کو نافذ کیا جا رہا ہے جس میں سے 63 مقامات پر اس کا آغاز ہو چکا ہے۔
جہاں کام نہیں شروع ہوئے ہیں وہاں کام کا آغاز کیا جانا چاہئے اور جہاں کام چل رہے ہیں انہیں مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو سہولت فراہم ہو سکے۔
نگران وزیر نے انتباہ دیا کہ اگر معیار میں کوتاہی ہوئی تو متعلقہ حکام کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔