ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر کی مسجد صدر دروازہ کے زیراہتمام مدرسہ کمپیوٹر ایجوکیشن سنٹر کا افتتاح عمل میں آیا۔
لائق حسین بادل صدر تنظیم المسلمین بیت المال یادگیر نے مدرسہ کمپیوٹر ایجوکیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایڈوکیٹ قاضی امتیاز الدین صدیقی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بچوں میں دینی تعلیم کا ہونا نہایت ضروری ہے۔ ساتھ ہی ساتھ فنی تعلیم سے واقفیت بھی وقت کا اہم تقاضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع یادگیر مسجد صدر دروازہ واحد ایسی مسجد ہے جس کے تحت فنی تعلیم کی شروعات ہوئی ہے. انھوں نے مسجد صدر دروازہ کی تمام انتظامیہ کمیٹی اور صدر ایوب درزی کو مبارکباد پیش کی۔
لائق حسین بادل نے کہا کہ آج کا دور کمپیوٹر کا دور ہے اور یہ ضروری ہے کہ ہمارے بچوں کو دینی عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم کی طرف رجوع کیا جائے۔انہوں نے سرپرستان اور والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو فنی تعلیم کے لیے مدرسہ کمپیوٹر ایجوکیشن سنٹر میں داخلے دلوائیں۔