بیدر:عوامی فلاحی کاموں کے لیے بیدر بیٹرمنٹ فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جو رابطہ ملت ضلع بیدر کے زیر سرپرستی میں چلایا جا رہا ہے۔ اس فاؤنڈیشن کے نائب صدر رفیق احمد نے ای ٹی وی بھارت سے خاص گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیدر بیٹرمنٹ فاؤنڈیشن سے مساجد کو مرکز بناکر کام کیا جارہا ہے۔ بیدر کے 113 مساجد کو مرکز بنا کر مساجد کے انتظامی کمیٹی کے ایک ذمہ دار کو فاؤنڈیشن کارکن بنا کر ان کے زیرنگرانی تمام کام کیے جائیں گے۔
اس فاؤنڈیشن کے صدر عبدالقدیر شاہین ہیں جب کہ نائب صدر رفیق احمد، سیکرٹری اظہر ہاشمی، خازن طحہ کلیم اللہ کے علاوہ 13 افراد پر ایگزیکٹیو باڈی مشتمل ہے۔ آو صدقہ کو ڈھال بنائیں, اس عنوان سے چھ ہزار گھروں تک اس باکس کو پہنچانے کا ٹارگٹ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر میں روزانہ اس باکس میں گھر کے ذمہ داران اپنا صدقہ جمع کریں گے، جس کو مہینے میں ایک بار ٹرسٹ کے ذمہ داران ان کی موجودگی میں جمع شدہ رقم کو ٹرسٹ کے اکاؤنٹ میں آن لائن جمع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے صدقے کی اس رقم کو شہر کی ضرورت مند بستیوں میں ملت کے کار خیر کے لیے خرچ کیا جائے گا۔ مساجد کو مرکز بنا کر کام کرنے کی وجہ یہی ہے کہ شہر کے مختلف مساجد اور اس کے اطراف و اکناف کے ضرورت مند لوگوں کو ٹرسٹ کے ذریعے مدد پہنچائی جا سکے، مستحق نوجوانوں کو روزگار ،تعلیمی اخراجات ، مستحق لڑکیوں کی شادی بیاہ کا خرچ ، اور دیگر کاموں کے لیے اس ٹرسٹ کے ذریعے انجام دیے جائیں گے۔