بنگلورو:کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کی مہم زوروں پر ہے اور اس درمیان سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر سدارمیا نے لِنگایت وزرائے اعلیٰ پر تبصرہ کرتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے۔ بی جے پی نے اس معاملے کو اٹھایا ہے اور اسے پوری کمیونٹی کی توہین قرار دیا ہے۔
جب کنڑ ٹی وی کے ایک صحافی نے سدارمیا سے بی جے پی کے اس موقف کے بارے میں پوچھا کہ ایک لِنگایت کو اگلا وزیر اعلیٰ بننا چاہئے، تو کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا، "پہلے سے ہی ایک لِنگایت وزیر اعلیٰ ہیں، وہ ریاست میں تمام بدعنوانی کی جڑ میں ہیں۔" اس پر بی جے پی نے احتجاج کرتے ہوئے کہا سدارمیا نے پوری لِنگایت برادری کی توہین کی ہے۔
ریونیو منسٹر آر اشوکا نے اتوار کو کہا کہ مسٹر سدارمیا کے تبصرے کرناٹک میں کانگریس کے لیے اختتام کی شروعات ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’آپ (سدارمیا) کہہ رہے تھے کہ کانگریس انتخابات جیت جائے گی، لیکن آپ کے ان تبصروں نے کانگریس کے انتخابات جیتنے کے امکانات کو ختم کردیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس کا حال راہل گاندھی جیسا ہے جسے اپنا (سرکاری) گھر خالی کرنا پڑا۔