بنگلورو: ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو کے مسلم اکثریتی علاقہ متیکیرے میں واقع مسجد طحہ میں مقامی سطح پر ملت اسلامیہ کی تعلیمی و معاشی اعتبار سے فلاح و بہبودی کے لئے پیارے نبی کی تعلیمات کے مطابق 'بیت المال' کے نظام کو قائم کیا گیا ہے۔مسجد کے بیت المال نظام کے ذریعے مسجد کے اطراف و اکناف میں بس رہے غریبوں مسکینوں میں ریشن کی تقسیم کے علاوہ تعلیم کو فروغ دینے کے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
مسجد میں منعقد کئے گئے ایک اجلاس کے دوران ادارے کے صدر سمیع اللہ خان نے بتایا کہ مسجد طحہ بیت المال کمیٹی کی جانب سے علاقے کے مسلم و غیر مسلم غریب طلباء طالبات کو جو کہ سرکاری اسکولوں و کالجز میں اعلیٰ نمبرات حاصل کرکے کامیاب ہوئے ہیں، 5 ہزار و 10 ہزار روپیوں کی رقم کی تقسیم کے ذریعے حوصلہ افزائی و امداد کی گئی۔ اس موقعے پر مہمان خصوصی ڈاکٹر سید اشرف جو کہ سابق پرائم منسٹر وی. پی. انگھ کے پالیٹیکل سیکرٹری رہے، ملت کے بچوں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول، تعلیمی و معاشی تبدیلی اور اس کے لئے درکار متحدہ قیادت کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر ناصر عزیز اور ریاض احمد نے مساجد کو مرکز بناکر، ان میں بیت المال کے نظام کو قائم کرنے اور اس کے ذریعے ملت میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ کرنے پر زور دیا۔