جمشید پور:جھارکھنڈ کے جمشید پور کے پرسوڈیہ تھانہ علاقے میں ملک کے مشہور میڈیا ادارے ای ٹی وی کے لوگو کا استعمال کر کے ایک دکان کے سامنے بڑا بینر لگانے والے شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ متعلقہ دکاندار پر آئی پی سی کی دفعہ 420 اور کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ گذشتہ دنوں راکیش ساہو نام کے شخص کی پراپرٹی کے سامنے 'ای ٹی وی' کا بینر لگایا گیا تھا۔ جب عام لوگوں کی نظر پڑی تو یہ اطلاع ای ٹی وی ادارے سے وابستہ نامہ نگاروں کو دی گئی۔ تب تک یہ تصویر وائرل ہو چکی تھی۔ ETV Fake Office News
ای ٹی وی بھارت کی ٹیم نے جب اس کی جانچ کی تو وائرل تصویر درست ثابت ہوئی۔ حیدرآباد میں واقع ای ٹی وی کے ہیڈ آفس کو اس کی اطلاع ملی تو جمشید پور کے ایس ایس پی کو فوراً اطلاع دی گئی۔ اس وقت جمشید پور کے ایس ایس پی ایم تمل وانن تھے لیکن اس دوران ان کا ٹرانسفر ہوگیا۔ ان کی جگہ آئے ایس ایس پی پربھات کمار نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا۔ اس معاملے میں پرسوڈیہ تھانے میں ایف آئی آر(مقدمہ نمبر 151/2022) درج کی گئی ہے۔