نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ایک مبینہ زمین گھوٹالہ کے سلسلے میں پوچھ تاچھ کے لئے ہفتہ کو جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین کو ایک تازہ سمن جاری کیا ہے۔ منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ 2002 کی دفعات کے تحت ای ڈی کے ذریعہ وزیراعلی ہیمنت سورین کو یہ ساتواں سمن جاری کیا گیا ہے جس میں ان سے اپنا بیان ریکارڈ کرنے کو کہا گیا ہے۔ چونکہ وزیراعلی ہیمنٹ سورین ای ڈی کے چھ سمن پر حاضر نہیں ہوئے تھے۔ اس بار ای ڈی نے کہا ہے کہ یہ بیان ریکارڈ کرنے کا ان کے پاس آخری موقع ہے۔
ای ڈی نے اپنے سمن میں کہا کہ "چونکہ آپ کو جاری کردہ سمن کی تعمیل میں ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کے دفتر نہیں آئے ہیں، اس لیے ہم آپ کو منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ، 2002 کے سیکشن 50 کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کرنے کا آخری موقع دے رہے ہیں، اس نوٹس کی وصولی کے 7 دنوں کے اندر آپ اپنی سہولت کے مطابق جس وقت، جس تاریخ اورجس جگہ بیان ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں، بیان ریکارڈ کردینا چاہیے"۔ایجنسی نے وزیراعلی سے کہا ہے کہ وہ اس نوٹس کی وصولی کے دو دن کے اندر جگہ، تاریخ اور وقت بتائے۔ ای ڈی نے سمن میں کہا کہ "چھ سمن جاری کرنے کے باوجود آپ (ہیمنت سورین) بے بنیاد وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے اس دفتر کے سامنے پیش نہیں ہوئے ہیں۔ یہ عدم پیشی موجودہ کیس میں تحقیقات کی پیشرفت میں مسلسل رکاوٹ بن رہی ہے"۔