رانچی: حالیہ اسمبلی انتخابات 2023 میں چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں بی جے پی کی شاندار کامیابی پر پوچھے جانے پر جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے ورکنگ صدر ہیمنت سورین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی نتائج کسی بھی پارٹی کے انتخابات میں لگنے والی محنت کے مطابق ہوتے ہیں۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات پر ان انتخابی نتائج کا اثر آنے والا وقت ہی بتائے گا۔
سورین نے کانگریس کی طرف اشارہ کیا کہ اگر آپ انتخابات جیتنا چاہتے ہیں تو آپ کو بی جے پی کو شکست دینے کے لیے زیادہ محنت کرنا ہوگی۔ کانگریس پارٹی اپوزیشن اتحاد انڈیا بلاک میں ایک اہم حلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ کی موجودہ سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے انڈیا بلاک کے لیے مزید انتخابات جیتنے کا راستہ بالکل آسان نہیں ہے۔ ہندی بیلٹ کی تین ریاستوں، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ جبکہ کانگریس کو شکست سے دوچار ہونا پڑا۔
ہیمنت سورین کو معلوم ہے کہ اب بی جے پی ان پر اپنے سیاسی حملے تیز کرے گی۔ اس مشکل چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے وہ اب جھارکھنڈ میں انڈیا بلاک کی دیگر پارٹیوں اور ان کے اتحادیوں کی پرواہ کیے بغیر اکیلے ہی انتخابی میدان میں اترے ہیں۔ اور جدوجہد کا آغاز کردیا ہے۔
سنہ 2024 کے عام انتخابات سے پہلے اپنے مصروف شیڈول کا حوالہ دیتے ہوئے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ نے 6 دسمبر کو نئی دہلی میں ہونے والی انڈیا بلاک کی میٹنگ کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم یہ میٹنگ انڈیا بلاک کے سرکردہ رہنماؤں کی اکثریت کی عدم دستیابی کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی ہے۔