مرکزی وزیر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 'نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے گزشتہ کئی دہائیوں سے خطے کے لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا ہے۔'
تفصیلات کے مطابق مرکز وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج کانگریس اور نیشنل کانفرنس پر الزام عائد کیا ہے کہ 'انہوں نے دہائیوں کی طویل حکمرانی کے دوران جموں خطے کے لوگوں کے ساتھ امتیازی پالیسیوں کے ذریعہ بدترین سلوک کیا ہے۔'
ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمیٹی (ڈی ڈی سی) انتخابات کے لیے پارٹی امیدواروں کی حمایت میں آج کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر سیکٹر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں سے کانگریس کے چار وزراء اور پینتھرس پارٹی کے امیدوار اس وقت اتحاد کے حصہ تھے جب حکومت نے ڈوگرہ سرٹیفکیٹ منسوخ کردیا تھا، لیکن انہوں نے اس وقت اس معاملے پر خاموشی اختیار کی اور اس فیصلے کے خلاف آواز اٹھانے کی زحمت تک نہیں کی۔ لیکن یہ لیڈر اب ڈوگرہ سرٹیفکیٹ کے نام پر لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں گویا بی جے پی نے ہی انہیں منسوخ کردیا ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ''اگر ان رہنماؤں نے ہمت کا مظاہرہ کیا ہوتا تو انہیں اُس وقت احتجاج کے بجائے اتحاد سے نکل آنا چاہئے تھا، اور اب اس مسئلے کو اٹھاتے اور غلط فہمیاں پیدا کر کے لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں۔''
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ 'کانگریس کی قیادت نے مکمل خاموشی اختیار کی تھی جب لائن آف کنٹرول پر بسنے والے لوگوں کو چار فیصد تحفظات دیئے گئے تھے جبکہ بین الاقوامی سرحد پر رہنے والوں کو اسی کے حقوق فراہم کرنے سے دور رکھا گیا تھا۔
انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا 'جموں کے وزراء نے اس وقت بھی خاموشی کیوں اختیار کر رکھی تھی'