جموں:نائب صدر جگدیپ دھنکر نے جموں دورے کے دوران یونیورسٹی میں خطاب کے دوران دفعہ 370سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ انہوں نے دفعہ 370کی تنسیخ کو تاریخی اور صحیح فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا: ’’دفعہ 370عارضی ہونے کے باوجود 70سال تک قائم رہا تاہم اس کی منسوخی کے بعد ہی شیاما پرساد مکھرجی کا ’ایک ودھان، ایک پردھان اور ایک نشان‘ کا خواب صحیح معنوں میں پورا ہوا۔‘‘ جمعرات کو جموں یونیورسٹی میں خطات کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا: ’’دفعہ 370 عارضی تھا، تاہم اس کے باوجود 70 سال تک قائم رہا جب کہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کے بعد ہی غیر معمولی اور ترقی دیکھنے میں آئی ہے۔‘‘
جموں یونیورسٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ ’’ہم آج خوش ہیں، کیونکہ دفعہ 370 جموں و کشمیر میں نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں حقیقی معنوں میں ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا: ’’جموں و کشمیر کا یونین آف انڈیا کے ساتھ پوری طرح انضمام نے یہاں سرمایہ کاری، سیاحت کے عروج اور ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔ جموں و کشمیر میں آج ملک کے تمام سرفہرست اور نامور ادارے - آئی آئی ایم، آئی آئی ٹی اور یہاں تک کہ ایمس- بھی پوری طرح فعال ہیں۔‘‘