جموں:رمضان المبارک کے متبرک ایام اور نوراترا تہوار کے دوران جموں و کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہے۔ جموں شہر میں یوں تو ہر برس رمضان کے مہینے میں انتظامیہ کی جانب سے مارکٹ چیکنگ ڈرائیو کا اہتمام کیا جاتا تھا تاہم رواں برس جموں میں ایسا دیکھنے کو نہیں ملا اور لوگوں کا ماننا ہے کہ اس سے دکانداروں کو سبزیوں، پھلوں و دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا کھلا موقع ملا جس کا اثر عام لوگوں کی ضروریات زندگی پر پڑا۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ ’’مہنگائی کنٹرول نہیں ہو رہی اور رمضان المبارک میں ہی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔ دکاندار مقررہ نرخ ناموں سے زائد قیمت پر اشیاء فروخت کر رہے ہیں اور پیاز، لہسن، ٹماٹر جیسی روزمرہ استعمال کی جانے والی سبزیوں کے دام آسمان کو چھو رہے ہیں۔‘‘ لوگوں کا ماننا ہے کہ اس حوالہ سے انتظامیہ کو فوری اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے جانے چاہئے اور ذخیرہ اندوزی، گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائی عامل میں لائی جانی چاہئے تاکہ غریب عوام بھی رمضان کے ان مبارک ایام میں آسانی سے سبزی خرید کر اپنے اور اہل و عیال کے نان شبینہ کا انتظام کر سکے۔