جموں کے نروال اور بھٹنڈی علاقے میں زندگی گزارنے والے روہنگیا مسلمانوں کو آج جموں کے مولانا آزاد کرکٹ اسٹیڈیم میں گاڑیوں میں بھر کر لایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق شام گئے 155 روہنگیاؤں کو ہولڈنگ سنٹر منتقل کیا گیا۔ کئی روہنگیائی پناہ گزینوں نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کو فون پر بتایا کہ انہیں گاڑیوں میں بھر کر نامعلوم مقام کی طرف لے جایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ روہنگیا جو اس علاقے میں تن تنہا رہ رہے ہیں انہیں ہولڈنگ سنٹر منتقل کیا گیا ہے جبکہ کنبوں کے ساتھ رہنے والوں کو ان کے پناہ گزین کیمپوں میں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے دن بھر انہیں بھوکا، پیاسا رکھا اور کھانے کے نام پر محض ایک برگر پر انہیں اکتفا کرنا پڑا۔
ہمارے نمائندہ نے اس تعلق سے محمد آیت اللہ نام کے ایک روہنگیا پناہ گزیں سے بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں پولیس کی طرف سے ہمیں بلایا گیا تھا۔ ہمارے کاغذات کی جانچ کی گئی اور پھر کہا گیا کہ جو لوگ تنہا آئے ہیں وہ ایک طرف قطار میں کھڑے ہو جائیں اور وہ لوگ جو اپنے کنبے کے ساتھ آئیں ہیں وہ الگ قطار میں کھڑے ہوں۔ پھر جو لوگ تنہا آئے تھے انہیں وہاں سے کسی نامعلوم مقام کی طرف لے جایا گيا۔ مجھے نہیں معلوم کہ انہیں کہاں لے جایا گيا۔